کامسیٹس ایبٹ آباد میں نویں میٹرکس پاکستان یوتھ سمٹ کا انعقاد، جدید ٹیکنالوجی اور ’’خدمت گزار‘‘ ایپ کا تعارف
ایبٹ آباد (نیوز ڈیسک): خیبر پختونخوا حکومت کے گُڈ گورننس روڈ میپ کی روشنی میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفس ایبٹ آباد کے تعاون سے کامسیٹس یونیورسٹی (مین کیمپس ایبٹ آباد) میں میٹرکس پاکستان یوتھ سمٹ کے نویں ایڈیشن کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
اس سمٹ میں پروفیسرز، طلبہ و طالبات، ابھرتی ہوئی کاروباری شخصیات اور کانٹینٹ کری ایٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو سیکھنے، اپنے خیالات و نظریات کے اظہار، نیٹ ورکنگ اور نئے مواقع کی تلاش کے لیے ایک فعال پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی صلاحتیوں کو مثبت اور پیداواری سرگرمیوں میں ڈھالا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی شرکت و بریفنگ
سمٹ میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے بطورِ خاص شرکت کی۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) ہارون رشید اور اسسٹنٹ کمشنر (AC) ایبٹ آباد افراسیاب زبیر ہندل سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر کا خطاب: سرمد سلیم اکرم نے نوجوانوں کو جدید علوم و فنون میں مہارت حاصل کرنے کی تلقین کی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو جدید خطوط پر سمارٹ سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔
پولیس سمارٹ سروسز: DPO ہارون رشید نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور شہریوں کی سہولت کے لیے پولیس کی جانب سے فراہم کردہ سمارٹ و موبائل سروسز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
’’خدمت گزار‘‘ ایپ کی آمد: اسسٹنٹ کمشنر افراسیاب زبیر ہندل نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلد لانچ کی جانے والی جدید موبائل ایپ ’’خدمت گزار‘‘ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے شہریوں کو سرکاری خدمات تک آسان اور شفاف ڈیجیٹل رسائی ملے گی، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ سرکاری وسائل کا بھی مؤثر استعمال ممکن ہو سکے گا۔
نوجوانوں کے خصوصی سیشنز اور اختتامی تقریب
تقریب کے دوران جدت طرازی، حوصلہ افزائی اور نیٹ ورکنگ پر مبنی خصوص سیشنز کا اہتمام کیا گیا، جہاں نوجوانوں نے اپنے کامیاب کاروبار اور کمپنیوں کی کارکردگی کے تجربات شیئر کیے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں، مقررین اور معزز مہمانوں میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
Comsats Abbottabad hosts 9th Matrix Pakistan Youth Summit, introduces cutting-edge technology and “Khidmat Gazaar” app