سلام آباد: شہباز شریف حکومت نے نوجوانوں کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم کی بالائی حد 233 اعشاریہ 33 فیصد اضافے سے75 لاکھ سے بڑھاکر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی ہے۔
وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیا ٹیئر 4 متعارف کرادیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں ترمیم کا مراسلہ تمام بینکوں کو ارسال کر دیا ہے جس کے مطابق نئے ٹیئر 4 میں قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے زیادہ اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوگی۔
ٹیئر 4 کے تحت طویل مدتی قرضوں کی مدت زیادہ سے زیادہ 8 سال ہوگی اور 8 سالہ قرض میں ایک سال تک کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا اور بینک کی پالیسی کے مطابق سیکیورٹی لی جائے گی۔
ٹیئر 1 کے تحت 5 لاکھ روپے تک قرضہ ملے گا، ٹیئر 2 کے تحت 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک قرضہ ملے گا اور ٹیئر 3 کے تحت 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک قرضہ ملے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹیئر 4 کا بینک ریٹ 6 ماہ کے کائیبور پلس 2اعشاریہ 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے جب کہ ٹیئر 4 میں صارف کے لیے شرح 8 فیصد مقرر کی گئی ہے، رسک کم کرنے کے لیے پورٹ فولیو پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج دی جائے گی، ٹیئر 3 کی دیگر شرائط نئے ٹیئر 4 پر بھی لاگو ہوں گی۔
مراسلے کے مطابق ٹیئر 3 کا بینک ریٹ بھی 6 ماہ کے کائیبور پلس 2اعشاریہ 4 فیصد کردیا گیا ہے، لیپ ٹاپ فار آل اور پروسپیکٹو اوورسیز ورکرز اب ٹیئر 5 میں منتقل کر دیے گئے ہیں، بینکوں کو اسکیم میں خواتین کا کوٹہ کم از کم 30 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق دیگر شرائط و ضوابط اور سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار برقرار رہے گا، نئی شرائط مراسلے کے اجراء کی تاریخ کے بعد تقسیم ہونے والی فنانسنگ پر لاگو ہوں گی، وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو کاروبار اور زراعت کے لیے آسان شرائط پر قرض فراہم کر کے خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اس سے قبل اسکیم میں 3 ٹیئر موجود تھے، ٹیئر 1 میں 5 لاکھ روپے تک 0 فیصد، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ روپے سے زیادہ اور 15 لاکھ روپے تک 5 فیصد جب کہ ٹیئر 3 میں 15 لاکھ روپے سے زیادہ اور 75 لاکھ روپے تک 7 فیصد شرح پر قرض دیا جاتا تھا۔
Easy loans for the construction of 500,000 homes; youth to receive loans of up to 25 million (2.5 crore).


