پاک فضائیہ کا روشن اور چمکتا ستارہ ائیر مارشل اصغر خان 1921ء میں کشمیر میں پیدا ہوئے، اصغر خان نے رائل انڈین ملٹری کالج سے تعلیم کے بعد دسمبر 1940ء میں انڈین ائیر فورس میں بھرتی ہوئے، 1945ء میں اصغر خان برطانیہ گئے جہاں انہوں نے رائل ائیر فورس اسٹاف کالج، جوائنٹ سروس ڈیفنس کالج اور امپیریئل ڈیفنس کالج سے ملٹری ایڈمنسٹریشن اور جوائنٹ سروسز میں تعلیم حاصل کی، وہ اُس کمیٹی میں شامل رہے جس نے دفاعی اثاثہ جات پاکستان اور بھارت میں تقسیم کرنے تھے۔1947ء میں پاکستان بننے کے بعد اصغر خان ونگ کمانڈر بنے اور وہ پشاور کے نزدیک رسالپور میں بنائی گئی پاکستان ایئر فورس اکیڈمی کے پہلے کمانڈنٹ کے عہدے پر تعینات ہوئے،جولائی 1957 کو صرف 36سال کی عمر میں پہلے پاکستانی اور مسلمان سربراہ کے طور پر پاک فضائیہ کے کمانڈر انچیف کا عہدہ سنبھالا۔ 1947ء سے 1965ء میں اپنی ریٹائرمنٹ تک 18 سالوں میں اصغر خان نے پاکستان ایئر فورس کو ایک ایسا باوقار ادارہ بنایا جس کے معترف اپنوں کیساتھ ہندوستان بھی رہا،
ان کی تیار کردہ ائر فورس نے 65کی پاک بھارت جنگ میں بھارت کو دھول چٹائی. ریٹائر ہونے کے بعد اصغرخان نے پی آئی اے کی کمان سنبھالی اور مختصر عرصے میں اسے دنیا کی بہترین ائرلائن کمپنیوں کی صف میں کھڑا کر دیا. پی آئی اے کا وہ دور گولڈن ایج کہلاتا ہے.بطور منتظم انہوں نے پاکستان ایئر فورس اور پی آئی اے کو لاجواب اداروں میں بدل دیا یہ تمغہ تادیر دمکتا رہے گا بعد ازاں انھوں نے عملی سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور تحریک استقلال کے نام سے اپنی سیاسی جماعت قائم کی۔ ان کی یہ جماعت پاکستانی سیاست میں سکول کا درجہ رکھتی ہے جس سے بڑے سیاسی نام نکلے جن میں میاں نواز شریف، شیخ رشید، جاوید ہاشمی، خورشیدِ قصوری، اکبر بگٹی، عابدہ حسین، فخر امام جیسے کئی نام شامل ہیں۔ 70کی دہائی میں سیاسی عروج پانے اور بھٹو مخالف رہنما کے طور پر عوامی پذیرائی پانے والے اصغر خان ضیاء مارشل لاء میں پانچ سال تک نظر بند رہے. سیاسی میدان میں بھی ان کی اصول پسندی، دیانت اور شرافت کے حوالے سے جانا جاتا ہے. اعلی عدلیہ میں ائیر مارشل اصغر خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر اصغر خان کیس کا سپریم کورٹ سے فیصلہ آنا بھی ایک اہم پیش رفت رہی، ائیر مارشل اصغر خان طویل علالت کے بعد آج ہی کے دن اس دنیا فانی سے رخصت ہوئے، جنہیں اس وقت کے وزیراعظم کے حکم پر پاک فضائیہ کی جانب سے فضائی سلامی بھی دی گئ، ائیر مارشل اصغر خان کو الیاسی مسجد کے قریب آبائی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *