تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے مسلم لیگ ن کی گزشتہ حکومت کے کئی منصوبوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کا موقف ہے کہ ن لیگ کی گزشتہ حکومت نے کئی غیر ضروری منصوبوں کے ذریعے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، اسی لیے ایسے منصوبوں کو بند کر دیا جائے گا۔
اسی سلسلے میں پنجاب حکومت نے ن لیگ کے دور میں شروع ہونے والی لیپ ٹاپ سکیم ختم کر نے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے بتایا کہ لیپ ٹاپ خرید کر خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا اور طلبا کو دیئے گئے لیپ ٹاپس کی کوالٹی بھی تسلی بخش نہیں۔
لیپ ٹیپ اسکیم پر 20 ارب خرچ کر دئیے گئے مگر سکیم کے متوقع نتائج برآمد نہیں ہوئے۔
لیپ ٹاپ اسکیم کا سارا ریکارڈ نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لیپ ٹاپ سکیم کیلئے موجودہ بجٹ میں کوئی فنڈز نہیں رکھے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے 2012 میں سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلباء کو اعلی تعلیمی کارکردگی پر لیپ ٹاپ دینے کی سکیم شروع کی گئی تھی ۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب کے ہزاروں طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ تاہم اب یہ منصوبہ بند کر دیا گیا ہے